بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی ویب سیریز کی دنیا میں قدم رکھ دیا

بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ اور دنیا بھر میں کروڑوں دلوں پر راج کر نے والے بھارتی فلمی نگری کے ہیرو شاہ رخ خان نے بھی بالآخر ویب سیریز کی دنیا میں قدم رکھ دیاہے۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے دنیا بھر میں موجود ان کے لاتعداد پر ستاروں کو ہمیشہ سے ہی اس بات کا انتظار رہتا ہے کہ کب سینما میں شاہ رخ خان کی فلم نظر آئے تاہم گزشتہ 3 سالوں سے کنگ خان بالی ووڈ سے دور رہے ہیں اور اب مداحوں کو اداکار کی نئی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کا بے صبری سے انتظار ہے جس کی شوٹنگ جاری ہے۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنے سالوں تک بڑے پردے پر راج کرنے والے کنگ خان ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر حکمرانی کا سوچ رہے ہیں۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ڈزنی کی جانب سے اشتہار جاری کیا گیا جس میں شاہ رخ خان خود موجود تھے، اس اشتہار پر بالی ووڈ کے نامور پروڈیو سر اور ہدایتکار کرن جوہر نے لکھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ بالی ووڈ کے بادشاہ کو بھی ایک دن اپنی گمنامی کا خوف ہوگا۔

شاہ رخ خان نے کرن جوہر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پکچر تو ابھی باقی ہے میرے دوستوں۔

بس پھر کیا تھا ٹوئٹر پر کنگ خان کا ٹرینڈ بن گیا اور مداحوں نے کہنا شروع کردیا کہ شاہ رخ خان  ویب سیریز کرنے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے بھی خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاہ رخ خان ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈیبیو کرنے جارہے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے ڈزنی کے ساتھ ایک ویب سیریز بھی سائن کی ہے تاہم تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ سیریز کب تک آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں