ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے رحیم یار خان میں گنیش مندر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنیش مندر کو ایک گروہ نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے، پاکستان ہندوستان نہیں ہے، یہاں کوئی فاشسٹ آئیڈیالوجی حکمرانی نہیں کر سکتی، پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے۔

جمعہ کو رحیم یار خان میں گنیش مندر واقعہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان نے اس معاملہ کا ذاتی طور نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے، ہمارے لئے سفید رنگ بھی اتنی ہی حرمت کا حامل ہے جتنی حرمت سبز رنگ کی ہے۔ سفید رنگ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کی نشاندہی کرتا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان، سیاسی و فوجی قیادت اور عدالتیں ایک ترقی پسند ملک کے لئے پاکستان کے اس آئین کو تسلیم کرتی ہیں جس میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی بھائیوں کو نسل، رنگ یا عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان کا مستقبل ایک ایسا ترقی پسند ملک ہے جہاں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں