پاک بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے سیاست کو کھیل سے دور رکھنا ضروری ہے، رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ کرکٹ کے تعلقات بنانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہاہے کہ ہمیں ایک کرکٹ بونڈ بنانے کی ضرورت ہے ،سیاست کو کھیل سے جتنا ممکن ہو دور رہنا چاہیے ،پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے یقین رکھتے تھے کہ سیاست کو کھیلوں سے الگ رہنا چاہیے۔

رمیز راجہ نے  دبئی میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی)کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔

 اس کے علاوہ انہوں نے وہاں ایشیئن کرکٹ کونسل، ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق بھی ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اے سی سی کے اجلاس کے دوران بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ سے ملاقات کی۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ  ہمیں ایک کرکٹ بونڈ بنانے کی ضرورت ہے جبکہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ سیاست کو کھیل سے جتنا ممکن ہو دور رہنا چاہیے اور یہی ہمیشہ ہمارا موقف رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات خوش گوار ہونے چاہئیں  اور پھر ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہم کس حد تک جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ہمارے درمیان اچھی بات چیت ہوئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایشیئن کرکٹ کونسل نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ پاکستان میں 2023میں ہونے والا کرکٹ ایونٹ 50اوورز کا مقابلہ ہوگا اور ستمبر میں منعقد ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے منتظر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک منظم تقریب ہوگی کیونکہ شائقین یہی چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں