پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے دلچسپی کا اظہار، عبدالرزاق داؤد

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس آج ختم ہو گیا ہے۔

عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے چاول کی تجارت اور بارڈر مارکیٹس کی تعمیر پر اجلاس میں اتفاق کیا ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ٹی آئی آر کے تحت پاکستانی ٹرکوں کی آمدورفت اور کسٹمز تعاون پر بھی اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے بیان دیتے ہوئے مزید کہا کہ ان اقدامات سے پاکستانی برآمدات، تجارت اور رابطوں میں خاصا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ عبدالرزاق داؤد نے کل ایرانی وزیر صنعت و تجارت سید رضا فاطمی سے ملاقات کی تھی جس کا اعلامیہ جاری ہو گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے فیصلوں پر مثبت انداز میں عملدرآمد کا عزم کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران ایرانی وزیر صنعت و تجارت نے پاکستانی کمپنیوں کو ایران میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں