سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے کیلئے سود مند پیشرفت

کراچی: سی ویو کے کنارے پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کے لیے پیر کو ہونے والا آپریشن سود مند رہا۔

ذرائع کے مطابق جہاز کا رخ سمندر کی طرف کردیا گیا اور اس کا انجن بھی اسٹارٹ ہوگیا ہے اس لیے توقع ہے کہ بحری جہاز منگل کی دوپہر تک مکمل طور پر نکال لیا جائے گا۔

بحری جہاز ’ہینگ ٹونگ 77‘ کے ریسکیو آپریشن میں سرگرم گڈانی کی شپ بریکنگ کمپنی کے ذرائع کا بتانا ہےکہ جہاز نکالنے کیلئے فلوٹنگ ’باج‘ استعمال کیا جارہا ہے، یہ ’باج‘ کھلے سمندر میں جہاز سے 1000 میٹر کے فاصلے پر موجود ہے جس پر ہیوی کرین نصب کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شپ بریکنگ میں استعمال ہونے والے مضبوط اینگل کو بحری جہاز اور کرین سے منسلک کیا گیا ہے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق آج کی گئی پہلی کوشش کے دوران جہاز پرانی جگہ سے 200 میٹر سمندر کی طرف آگیا ہے اور اس کا رخ بھی تبدیل کرکے سمندر کی طرف کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ سمندری مدوجزر کی وجہ سے آج آپریشن روکنا پڑا ہے تاہم جہاز کو کل تک نکالے جانے کی امید ہے۔

سال 2011 میں تیار ہونے والا ’ہینگ ٹونگ 77‘ ہینگر ٹوٹ جانے کی وجہ سے سی ویو کے قریب سمندر کنارے ریت میں دھنس گیا تھا، پانامہ میں رجسٹرڈ ’ہینگ ٹونگ 77‘کا وزن 2250 ٹن اور اس پر کنٹینرز لوڈ ہیں۔

جہاز کب پھنسا؟
کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں۔

کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔

جہاز کے کپتان کے مطابق جہاز کا ایک اینکر 20 جولائی کو ٹوٹا، جہاز کو فوری برتھ دینے کی درخواست کی کیونکہ ایک اینکر کے ساتھ جہاز سنبھالنا مشکل تھا لیکن برتھ نا دی گئی۔

کپتان نے بتایا کہ بحری جہاز کا دوسرا اینکر 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب رات 1 بج کر 15 منٹ پر ٹوٹا، بحیثیت کیپٹن ایک بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی کال کی، ایمرجنسی کال پورٹ قاسم اور منوڑہ بھی سن رہا تھا لیکن کے پی ٹی کنٹرول نے کوئی مدد نا کی، کے پی ٹی کنٹرول نے افسران کے میٹنگ میں ہونے کا بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں