سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

انگلش لیجنڈری فٹبالر مائیکل اوون جلد پاکستان آئیں گے، پاکستان فٹبال لیگ نے مائیکل اوون کو سفیر مقرر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکل اوون پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے خدمات فراہم کریں گے، مائیکل اوون نے پی ایف ایل کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے۔مائیکل اوین اکتوبر میں پاکستان فٹبال لیگ کے لوگو کی رونمائی انگلینڈ میں کریں گے ۔

سی ای او گلوبل سوکر وینچرز زیب خان نے کہا کہ مائیکل اوون کا پاکستان آنا قوم کے لیے ایک اعزاز ہے، مائیکل فٹ بالرز کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں موڑنے کا ہنر جانتے ہیں۔انھوں نے کہا بہت جلد پاکستان فٹ بال لیگ کی فرنچائز کی تقریب رونمائی ہوگی، اور فرنچائز مالکان کا بھی بہت جلد اعلان ہوگا۔

برانڈ سنیریو اردو کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں مائیکل اوون نے بتایا کہ ”پاکستان آ کر یہاں ہونے والی لیگ کے ذریعے فٹبال کو سپورٹ کروں گا۔ 22 کروڑ کی آبادی والے پاکستان میں فٹبال کیلئے بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کا انعقاد درست جانب ایک قدم ہے، یہ نہیں کہتا کہ پاکستان 10 سال میں ورلڈ چیمپیئن بن جائے گا لیکن بہت کچھ بہتر ہو سکتا ہے۔

مائیکل اوون نے کہا کہ ”میں پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے کام کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔ مائیکل اوون نے یہ بھی کہا کہ معلوم ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بڑی فالوونگ ہے مگر یقین ہے کہ فٹبال فینز بھی کم نہ ہوں گے۔سابق انگلش فٹبال پلیئر نے کہا پاکستان میں فٹ بال کو جدید خطوط پر استوار کرنا میرا مشن ہوگا۔

41 سالہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈرڈ، لیورپول ایف سی کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

مائیکل اوون نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی خدمات انجام دیں، اور انگلش پریمیئر لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی پہلی فرنچائز فٹبال لیگ میں 6 شہروں کی ٹیمیں شریک ہوں گی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لیگ کی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں