بھارت کیخلاف تاریخ ساز کامیابی، پاکستان نے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر پاکستان کو بھارت کیخلاف 10 وکٹ سے تاریخ ساز فتح سے ہمکنار کرادیا۔

اس فتح میں پاکستان نے کئی ریکارڈز بنائے  جبکہ  بھارت کو بھی وہ سہنا پڑ گیا جو اس نے شاید کبھی سوچا بھی نہیں ہو۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا تھا  جو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

محمد رضوان نے 79 اور بابر اعظم نے 68 رنز بنائے اور پاکستان کو باآسانی فتح دلادی۔

یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے کیخلاف پہلی فتح ہے ،ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت پہلی مرتبہ 10وکٹ سے ہارا ہے   جبکہ پاکستان بھی پہلی ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹیز میں کوئی میچ 10 وکٹ سے جیتا ہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ٹی ٹوئنٹیز کی سب سے بڑی شراکت بنادی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کے پاس تھا ،دونوں نے 2012 میں بھارت کے خلاف 133 رنز کی شراکت بنائی تھی ۔

یہ شراکت بھارت کیخلاف کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی بہترین شراکت تو پہلے ہی بن چکی تھی جب دونوں ٹیم کے 107 ویں رن کیلئے دوڑے ۔

اس سے قبل 2012 میں حفیظ اور  شعیب ملک نے 106 رنز کی شراکت چوتھی وکٹ پر بنائی تھی ۔

اس کے علاوہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے ،اس سے قبل 2010 میں سلمان بٹ اور کامران اکمل نے بنگلا دیش کیخلاف 142 رنز کی شراکت قائم کی تھی ۔

اس اننگ کے دوران محمد رضوان نے سال 2021 میں1500 ٹی ٹوئنٹی رنز بھی مکمل کرلیے، وہ ایک کلینڈر سال میں 1500 ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین ہیں۔

اس سے قبل بابر اعظم نے 2019 میں 1607 رنز بنائے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں