اچھی اور پرسکون نیند کیلئے کون سی غذائیں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں

اچھی صحت کا نیند سے گہرا تعلق ہے اور نیند پر ہماری خوراک براہ راست اثر انداز ہوتی ہے، اس لئے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ اچھی نیند کے لیے کیا کھائیں اور کیا نہیں۔

حکما اور اطبا کے علاوہ دور حاضر کے ڈاکٹروں کا بھی ماننا ہے کہ ہماری روز مرہ کی غذاؤں میں کئی ایسے اجزا شامل ہوتے ہیں جو ہماری پرسکون نیند پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

اچھی اور پرسکون نیند کے لئے کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں آئیے جانتے ہیں۔

کیفین کا استعمال؛

کیفین ایک ایسا کیمیائی مرکب ہے جو ہمارے اعصابی نظام کو متحرک رکھتا اور نیند کو بھگاتا ہے۔ کافی، چائے اور سافٹ ڈرنکس میں اس کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے۔ سونے سے پہلے چائے، کافی یا کولڈ ڈرنکس کا استعمال آپ کی نیند میں خلل ڈال سکتا ہے۔

ٹماٹر یا اس سے بنی چیزیں نہ کھائیں

حکما اور اطبا کا خیال ہے کہ ٹماٹر تیزابی خواص رکھتا ہے ، اس لئے ٹماٹر سے بنے کھانے اسی وقت کھائیں جب آپ کے سونے میں کم از کم 3 گھنٹے کا وقت ہو ورنہ یہ آپ کی نیند میں بار بار رکاوٹ بن سکتا ہے۔

مصالحہ دار اور مرغن کھانے؛

مصالحے دار اور  مرغن کھانے جہاں سینے کی جلن اور تیزابیت کا باعث بنتے ہیں وہیں نظام انہضام پر بھی انتہائی برے اثرات مرتب کرتے ہیں ، اس لئے ضروری ہے کہ سونے سے پہلے مصالحے دار اور مرغن غزاؤں کے بجائے ہلکی خوراک لی جائے۔

مٹھائیاں ؛

ہماری روایتی مٹھائیاں جہاں ذائقے کے اعتبار سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہیں وہیں یہ اپنے اجزا کی وجہ سے بہت بھاری ہوتی ہیں۔ اس سے سونا مشکل ہو جاتا ہے۔

فاسٹ فوڈ؛

فاسٹ فوڈ ہماری زندگی کا حصہ بن گئے ہیں لیکن اسے اپنی اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنالینا کئی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

فاسٹ فوڈ میں چینی، چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جو نیند میں مسائل کا باعث بنتے ہیں۔

سندس رانا، کراچی

اپنا تبصرہ بھیجیں