ڈاکٹر زیلف منیر پاکستان ایڈورٹائزرز سوسائٹی کی پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب

کراچی: پاکستان ایڈورٹائزرز سوسائٹی (PAS) نے انگلش بسکٹ مینوفیکچررز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور مینجنگ ڈائریکٹر، ڈاکٹر زیلف منیر کو کونسل کی چیئرپرسن منتخب کرلیا۔

پاکستان ایڈورٹائزرز سوسائٹی کی مجلس عامہ کے 24ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کے تمام بڑے ایڈورٹائرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں،PASکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، قمر عباس نے 2021ء کے دوران کیے گئے اہم اقدامات کے علاوہ انڈسٹری کو درپیش بعض اہم مسائل کی جانب بھی ارکان کی توجہ مبذول کرائی۔ اجلاس میں شریک ارکان کے سامنے سنہ 2022ء کے لیے ایجنڈا بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں، PAS کی پروجیکٹ ہیڈ اور جنرل مینجر، افشین رضوی نے ایفی ایوارڈز پاکستان کے بارے میں پریزینٹیشن دی۔

سالانہ اجلاس عام کے دوران اس بات کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی گئی کہ کونسل اور اُس کے عہدیداروں کی مدت ختم ہو چکی ہے۔لہٰذا،اجلاس کی کارروائی کے دوران 14 ارکان پر مشتمل نئی کونسل اور اْس کے عہدیدارن کا انتخاب بھی ہوا۔

اس انتخاب کے موقع پر انگلش بسکٹ مینوفیکچررز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور مینجنگ ڈائریکٹر، ڈاکٹر زیلف منیر کو کونسل کی چیئرپرسن منتخب کیا گیا۔ وہ اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ اپنے انتخاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹرزیلف منیر نے کہا:”سوسائٹی کی پہلی خاتون چیئر کے طور پر منتخب ہونا میرے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ میں مقصد پر پختہ یقین رکھتی ہوں اور اُسی کے ساتھ تنوع، برابری اور شمولیت پر مبنی پائیدار مستقبل کی غرض سے مارکیٹنگ اور مارکیٹرز کے کردار پر بھی پختہ یقین رکھتی ہوں جو سنہ 2022ء میں ہماری توجہ کا مرکز ہوگا اور اسی کے ساتھ ایڈورٹائزرز کی برادری کے لیے کچھ بامقصد اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ میں کونسل کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ اْنھوں نے مجھ پر اور میری قیادت پر اعتماد کیا اور میں یقین دلاتی ہوں کہ میں، اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ، اْن کی توقعات پر پورا اتروں گی۔“

اس موقع پر جلیٹ (Gillette)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پراکٹر اینڈ گیمبل (P&G) کے چیف آپریٹنگ آفیسر، خالد فرید کو بطور وائس چیئر اور یونی لیورز کی چائے کمپنی، ایکاٹیرا (Ekaterra) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، فرحین سلمان کو جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا۔

مزید برآں، جاز کے چیف کمرشل آفیسر اور PAS کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین، آصف عزیز کو گورنمنٹ ریلیشنز کمیٹی کا چیئر نامزد کرنے کے علاوہ نیسلے پاکستان کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشنز، فیصل رانا کو ریجنل کمیٹی کا نیا چیئر نامزد کیا گیا۔

نو منتخب مجلس عاملہ کے دیگر ارکان میں کوکا کولا کمپنی کے احمد وہاب شاہ، یونی لیور پاکستان کی عاصمہ حق، PEL کے حسان سروانی، ریکٹ بینکزر کے ہمایوں فاروق، شان فوڈز کے ہمایوں شیخ، الکرم اسٹوڈیو کے خرم قریشی، ڈابر کے نعمان خان، ٹپال ٹی کے شیخ عادل حسین اور جوبلی لائف انشورنس کے سید عثمان قیصر شامل تھے۔نو منتخب کونسل کی مدت یکم جنوری، 2022ء سے شروع ہو گی۔

سالانہ اجلاس عام کا اختتام سبکدوش ہونے والے چیئرمین آصف عزیز کی جانب سے نو منتخب چیئر ڈاکٹر زیلف منیر کو ذمہ داریوں کی منتقلی کے ساتھ ہوا جس کے دوران اْنھوں اپنے عہدے کے مدت کے دوران اعانت فراہم کرنے پر سوسائٹی کے تمام ارکان، اور بالخصوص کونسل کی ارکان کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آصف عزیز نے کہا:”میں ان تمام کمپنیوں پر زور دوں گا، جو PAS کی برادری کا حصہ ہیں کہ وہ انڈسٹری کی نمائندہ اس باڈی کے لیے اپنی اعانت جاری رکھیں جسے ہم نے مل کر اس مقام تک پہنچایا ہے۔ ایسی کمپنیاں جو ا بھی بھی ہمارے ساتھ ہیں،میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ آپ کے لیے یہی وقت ہے کہ آپ ان قوتوں کا حصہ بنیں اور پاکستانی برانڈز اورکمیونیکیشن کو دنیا بھر میں روشن کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں