ٹوئٹر نے 15 سال بعد صارفین کا بڑا مطالبہ پورا کردیا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے 15 سال بعد صارفین کا بڑا مطالبہ پورا کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے اپنے صارفین کی بڑی مشکل کو حل کرتے ہوئے جلد ہی ٹویٹ کیلئے ایڈٹ بٹن متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

ٹوئٹر کے صارفین کی جانب سے ٹوئٹ پوسٹ ہونے کے بعد اسے ایڈٹ کرنے کا آپشن دینے کا مطالبہ گزشتہ کئی سالوں سے کیا جارہا ہے اور کمپنی نے اس مطالبہ کو آخر کار مان لیا ہے۔

اب صارفین اپنی ٹوئٹ پوسٹ کرنے کے بعد اس میں ہونے والی ٹائپنگ کی غلطیوں کے علاوہ اپنی ٹوئٹ میں رد و بدل بھی کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اگر آپ کی ٹوئٹ میں کسی بھی قسم کی کوئی غلطی ہوجائے تو اسے آپ ایڈٹ نہیں کرسکتے تھے، غلطی کو سُدھارنے کے لئے آپ کو اُس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا یا پھر اُسے ایسے ہی رہنے دینا پڑتا تھا۔

ٹوئٹر نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ اس وقت ایڈٹ بٹن کی اندرونی طور پر آزمائش کی جا رہی ہے اور رواں ماہ کے آخر تک یہ فیچر صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔

تاہم ابتدائی طور پر اسے صرف کمپنی کی پیڈ سروس ٹوئٹر بلیو کے سبسکرائبرز ہی استعمال کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں