اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔
اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے بھی ریکوزیشن جمع کرا دی۔ ریکوزیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی 14 روز میں اجلاس بلانے کے پابند ہوں گے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کیے۔
ذرائع اپوزیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے قومی اسمبلی اسپیکر آفس کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔
شہباز شریف کی زیرصدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ ن لیگی ارکان قومی اسمبلی سے تحریک پر دستخط لے لیے گئے۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے ڈی چوک جلسہ میں وفد بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا۔احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب جلسہ میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کردی انہوں نے ارکان سےخطاب میں کہا تحریک عدم اعتماد آنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس کی ریکیوزیشن جمع کرائی جائے گی اس لیے ن لیگ کے تمام ممبران اسلام آباد میں رہیں۔ کسی بھی وقت قومی اسمبلی اجلاس ہوسکتا ہے۔