شیخ رشید کی رہائشگاہ لال حویلی کو سیل کردیا گیا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی آبائی رہائشگاہ لال حویلی کو سیل کر دیا گیا، محکمہ متروکہ وقف املاک نے علی الصبح پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی۔

ایڈمنسٹریٹر محکمہ متروکہ وقف املاک آصف محمود نے بتایا کہ محکمہ نے راولپنڈی میں شیخ رشید کی لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا ہے جبکہ لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کیلئے حکام کو لکھ دیا ہے، رجسٹری تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا،آصف محمود نے کہا کہ لال حویلی سرکاری اراضی ہے جس پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا ہے۔

لال حویلی سیل کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے، محکمہ اوقاف نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر سرکاری تالے لگا کر سیل کر دیئے ہیں، محکمہ مزید قانونی کارروائی آج سے شروع کرے گا۔

دوسری جانب، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی کو سیل کرنے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وکلا کو پٹیشن تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور دو گھنٹے میں اقدام چیلنج کیا جائے گا، درخواست میں لال حویلی ڈی سیل کرنے کی استدعا کی جائے گی اور سینئرجج جسٹس صداقت علی خان سماعت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں