وزیر داخلہ شیخ رشید نے سیاسی مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصادم کی طرف نہ جائیں ورنہ جھاڑو پھر جائے گا، پھر ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد میں سرخرو ہوں گے، اصلی اور نسلی لوگ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، سندھ ہاوس میں خرید و فروخت کی منڈی لگی ہوئی ہے، 25 مارچ کو اپوزیشن کا جلسہ ہے، سکیورٹی دیں گے۔
سندھ ہاوس میں 300 سے 400 سندھ پولیس کے اہلکار بلائے گئے ہیں، کوئی بات نہیں ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بے نقاب ہو گئے، ان کی بلی بھی تھیلے سے باہر آ گئی، وہ کہتے ہیں قومی حکومت بنے گی، چند روز بعد کہیں گے ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنے گی۔