وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روسی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر خارجہ روسی ہم منصب سے ملاقات ہوئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر پیوٹن کے درمیان ساڑھے 3 گھنٹے کی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم اور پیوٹن نے افغانستان، جنوبی ایشیا میں استحکام اور مقبوضہ کشمیر پر زیادہ گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پیوٹن کے درمیان ملاقات میں اسلامو فوبیا پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان اور صدر پیوٹن نے مدت بعد طویل گفتگو کی جبکہ وزیر اعظم نے روسی صدر اور ہم منصب سے گیس سیکٹر میں تعاون پر بات کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم سے روسی ڈپٹی وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں ہم نے تحفظات اور مشکلات پر گفتگو کی۔ روسی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ گیس کی قلت، توانائی کا بحران سمیت دیگر معاملات پر مثبت گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں روس کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون پر کام ہو گا جبکہ افغانستان میں صورتحال سے متعلق روس اور پاکستان کے سوچ کا زاویہ ایک ہے۔ روس بھی افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔