اسمبلیوں‌سے استعفیٰ دینے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

اسمبلیوں سے نکلنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل ڈھائی بجے ایوان وزیراعلیٰ میں ہوگا،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کاکہناہے کہ ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی،عمران خان اجلاس سے خطاب اور پارٹی کو آئندہ لائحہ عمل پر اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی پارٹی کمیٹی نے سفارشات تیار کرلیں،کمیٹی ارکان نے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کردی،شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت کمیٹی اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیاگیا،جس میں میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماداظہر، اعجاز چودھری و دیگر شریک ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے کچھ ارکان نے فوری اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا،بعض ارکان نے رائے دیتے ہوئے کہاکہ متعدد حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ کمیٹی سفارشات پر بورڈ اجلاسوں کے بعد تاریخ کا فیصلہ عمران خان کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں