پرویز خٹک نے اپنے سے منسوب بیان کی تردید کردی

وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے سے منسوب ذرائع ابلاغ میں چلنے والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

وزرت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے الیکٹرانک میڈیا پر پاکستان مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اپنے بیان میں پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میڈیا پر ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ میڈیا پر چلنے والی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔ مسلم لیگ (ق) نے ہر مشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا ہے اور اب بھی چوہدری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

وزیر دفاع کی جانب سے تردید اور وضاحت سامنے آنے پر مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہی نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

قبل ازیں میڈیا میں پرویز خٹک کے حوالے سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ پی ٹی آئی نے ق لیگ کو وزارتِ اعلیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پرویز خٹک کا بیان رپورٹ ہوا تھا کہ ق لیگ کا وزیرِ اعلیٰ نہیں بنا سکتے، ن لیگ بناتی ہے تو بن جائیں۔ رپورٹ کیے گئے بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وزیر دفاع نے یہ بھی کہا تھا کہ 5 سیٹوں پر وزیرِ اعلیٰ بنانے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے، ہر مشکل میں بلیک میل کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔

میڈیا میں یہ بھی رپورٹ ہوا تھا کہ پرویز خٹک نے مونس الہٰی کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔ بیان پر مونس الہیٰ نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز خٹک سے رابطہ رہتا ہے، ان سے ہر دوسرے دن بات ہوتی ہے۔ اپنے بیان کی وضاحت پرویز خٹک صاحب خود کر دیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں