پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 کیساتھ ختم ہوگئی۔

319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے، خراب روشنی کے باعث میچ 3 اوورز قبل ختم کردیا گیا۔

نسیم شاہ 15 اور ابرار احمد 7 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے، سرفراز احمد پاکستان کو جیت کے قریب لانے کے بعد 287 کے مجموعی اسکور پر 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

282 کے اسکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری جب حسن علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، 273 کے مجموعی اسکور پر آغا سلمان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، 203 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کا ٹاپ آرڈر کیوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا، 80 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، امام الحق 12، شان مسعود 35، بابراعظم، 27 رنز بناکر آوٹ ہوئے، کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 5 وکٹوں پر 125 رنز بنائے تھے۔

جمعرات کو چوتھے دن کے آخری لمحات میں جب پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو صفر پر ہی پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں، عبداللہ شفیق اور میر حمزہ کھاتا کھولے بغیر ہی اش سوڈھی کا شکار بن گئے۔

کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی اور نیوزی لینڈ نے 41 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 10 وکٹوں پر 449 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ نیشنل بینک کرکٹ ارینا کراچی میں کھیلا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں