ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے لیے متحدہ اپوزیشن کے سامنے مطالبات رکھ دیے ہیں اور ان پر عمل درآمد کی تحریری ضمانت بھی طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پیش کردہ مطالبات میں کہا گیا ہے کہ شہری سندھ کے لیے نوکریوں میں 40 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے، بااختیار بلدیاتی نظام قائم کیا جائے اور صوبائی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کی جائے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ اسے معاہدہ تحریری طور پر درکار ہے جس کی ضمانت متحدہ اپوزیشن فراہم کرے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے شرط لگائی ہے کہ تحریری معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت بھی مولانا فضل الرحمان، چودھری برادران اور شہباز شریف دیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں اور حکومت کے اتحادی سیاسی قائدین سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔