تحریک عدم اعتماد میں کیا کردار ادا کرنا ہے ابھی طے نہیں کیا، عامر خان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم) کے رہنما عامرخان نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد چھوڑنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے تحریری معاہدے سے قبل میڈیا سے بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم بلدیاتی معاملات پر ایم کیو ایم کے موقف کو تسلیم کررہے ہیں، ہم پہلے ہی سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی قانون میں کی جانے والی ترمیم پرکام کر رہے ہیں۔

اس موقع عامر خان نے کہا کہ ایم کیوایم کوئی جلد بازی نہیں کرے گی، سوچ سمجھ کر معاملات طے کریں گے۔ مشاورت جاری ہے، جو بھی فیصلہ ہو گا آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں اور شہریوں کے مفادات میں فیصلہ کریں گے، ایم کیوایم نے ابھی طے نہیں کیا کہ عدم اعتماد میں کیا کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کراچی سمیت اہم معاملات پر مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ چوہدری برادران اور ایم کیوایم کے معاملات میں بہت فرق ہے۔ ایم کیوایم جو بھی فیصلہ کرے گی کسی کے دباؤ میں نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں