محکمۂ موسمیات نے کراچی میں 23 مارچ کو تیز بارش کی پیش گوئی کردی

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی کے مضافات میں آج بھی گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، جس کے باعث آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت گرمی اور حبس سے بادل بن سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کے مشرق، مغرب اور جنوب میں آج گرج چمک کے یہ بادل بننے کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے اس سسٹم کے تحت ٹھٹھہ اور بدین میں بھی آج بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سسٹم کل (22 مارچ کو) بلوچستان میں داخل ہو گا، مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم مضبوط اور اس کا پھیلاؤ زائد ہوگا۔

اس سسٹم کو بحیرۂ عرب سے نمی کی صورت میں مدد ملے گی، جس کے تحت کراچی کے اکثر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ 22 مارچ کو آنے والے سسٹم کے تحت گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کا بھی امکان ہے، سسٹم 24 مارچ تک اثر انداز رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ سسٹم کے تحت 23 اور 24 مارچ کو کراچی میں بارش کا زیادہ امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں