ماجد الفطیم نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو 11ارب روپے تک بڑھا دیا

لاہور، پاکستان، 06 دسمبر، 2022: مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے معروف شاپنگ مال، کمیونٹیزاور ریٹیل کے لیڈر ماجد الفطیم نے دو اسٹریٹجک اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد پاکستان میں اپنے ریٹیل کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ ان اقدامات میں لاہور میں دو ”مائیلی“اسٹورز کا افتتاح اور اگلے سال کھلنے والے 11ویں کارفور اسٹور کی سنگِ بنیادرکھنا شامل ہیں۔اس مزیدسرمایہ کاری سے ماجد الفطیم کی جانب سے کل سرمایہ کاری11 بلین روپے تک پہنچ گئی ہے جو کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے نئے مواقع فراہم کرنے کا باعث بنے گی۔

05 دسمبر کو ماجد الفطیم نے اپنے منفرد ہیلتھ اینڈ بیوٹی کانسیپٹ اسٹور مائیلی کے افتتاح سے اپنی آفرز کووسعت دی۔یہ دو نئے اسٹورز پیکجز مال اور فورٹریس اسٹیڈیم میں واقع کارفوراسٹورکے اندر بنائے گئے ہیں اور یہ مختلف قسم کی معیاری مصنوعات پیش کرتے ہیں جس میں کاسمیٹکس، پرفیوم اور بالوں اور جلد کی دیکھ بھال سے متعلق مصنوعات شامل ہیں۔ملک بھر میں ریٹیلرز کے مشاہدے کے مطابق پرسنل کیئر مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے جس کے باعث یہ پراڈکٹ رینج صارفین کی تمام ہیلتھ اینڈ بیوٹی سے منسلک ضروریات کے لیے ون اسٹاپ حل ثابت ہوگی۔

اس کے علاوہ، لاہور میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں بننے والا کارفور اسٹور پاکستان میں کھلنے والا 11 واں کارفور اسٹور ہوگا۔ 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں اپنے آغاز کے بعد، یہ نئی سپر مارکیٹ صارفین کو مختلف کیٹیگریز کی 25,000 سے زیادہ اشیاء تک آسان رسائی فراہم کرے گی جن میں تازہ خوراک، الیکٹرانکس، گھریلو لوازمات اور مزید بہت کچھ شامل ہے جو کہ معیاری قیمتوں پر میسر ہوگا۔ آج سنگِ بنیاد رکھنے والے اسٹور پراب کام کا آغاز ہوجائے گا۔ سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے لاہور بریگیڈیئر وحید گل ستی نے بھی شرکت کی۔

ماجد الفطیم ریٹیل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہانی وائز نے اپنے پاکستان کے دورے کے موقع پر مائیلی اسٹور اور سنگِ بنیاد کی تقاریب میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر عمر لودھی بھی ان تقاریب میں موجود تھے۔

ماجد الفطیم ریٹیل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہانی وائز نے کہاکہ:”ماجد الفطیم پاکستان میں اپنے آپریشنز کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے، جدید ریٹیل تجربات کے ذریعے اپنے صارفین کو خریداری کے نئے مواقع فراہم کررہا ہے۔ آنے والاکارفوراسٹور اور نیا شروع کیا گیا مائیلی برانڈپاکستان کے ساتھ ہماری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ اقدامات ریٹیل کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔ہماری یہ حالیہ سرمایہ کاری کے فیصلے مقامی بزنس پارٹنرزاور قومی معیشت کے لیے مفید ثابت ہونے کے ہمارے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔“

ماجد الفطیم ریٹیل میں کارفور پاکستان کے کنٹری مینیجر عمر لودھی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:”ہم اپنی خدمات کے دائرہ کار کو بڑھانے اور پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے پرجوش ہیں۔ 11 بلین روپے کی سرمایہ کاری کا حدف عبور کرناپاکستان کے بزنس لینڈ سکیپ پر ماجد الفطیم کے مسلسل اعتماد کی نشاندہی کرتاہے۔ مائیلی ایک منفرد آئیڈیا ہے جو کہ صارفین کے لئے اپنی نگہداشت سے متعلق مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔جبکہ ہمارا آنے والاکارفور اسٹور ڈی ایچ اے فیز 7سے ملحقہ صارفین کے لئے تمام ٖضرورت کی اشیاء فراہم کرے گا“

کارفوراس وقت پاکستان بھر میں اپنے 10 ریٹیل اسٹورز کے ذریعے لاکھوں صارفین کو خدمات فراہم کررہاہے اور ملک بھر میں مزید کمیونٹیز تک پہنچنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اپنی 99 فیصد مصنوعات کو مقامی طور پر سورس کرنے کی اپنی پالیسی کے ساتھ کارفور 700 سے زیادہ مقامی سپلائرز اور چھوٹے کاروباروں کے ساتھ اشتراک کئے ہوئے ہے جو مقامی معیشت کے ساتھ ماجد الفطیم کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید یہ کہ کارفور پرائیویٹ اس نوعیت کی پہلی کمپنی ہے جو اپنی100فیصد مصنوعات مقامی طور پر پاکستان سے فراہم کرتی ہے۔

2009 میں ملک میں اپنے کاروبار کے آغاز کے بعد سے لیکر اب تک کارفور کی اعلیٰ ترین معیار کی مصنوعات کی فراہمی نے صارفین کو اس سے جوڑے رکھا ہے۔ان کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے فوری اور آسان ہوم ڈیلیوری بھی دستیاب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں