پنجاب پولیس کی پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی، 300 سے زائد ملزمان گرفتار

پنجاب پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سٹی پولیس آفیسر غلام مبشر میکن کی ہدایت پر ضلع بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

کارروائی کے نتیجے میں 396 ملزمان گرفتار کرکے 96973 پتنگیں اور 915 چرخیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔

سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ پتنگ بازی خطرناک کھیل ہے اس سے گریز کریں۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ فیصل آباد پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پتنگ بازی کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کرنے رہی ہے، والدین بھی اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔

واضح رہے کہ پتنگ بازی ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جس کی وجہ سے ہر سال کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، یہ صرف وہی لوگ نہیں ہوتے جو پتنگ بازی کا شوق پورا کرتے ہوئے جان کی بازی ہارتے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر ایسے افراد ہوتے ہیں جنہیں پتنگ بازی کا کوئی شوق نہیں ہوتا نہ ہی وہ اس قاتل کھیل کا طریقہ جانتے ہیں بلکہ وہ ویسے ہی کسی آوارہ ڈور کی زد میں آ کر بے دردی سے جان دے دیتے ہیں یعنی پتنگ بازی ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی اپنا نقصان کم جبکہ دوسروں کا زیادہ نقصان کر دیتے ہیں۔

یہ نقصان ایسے ہوتے ہیں جن کا کبھی ازالہ نہیں ہو سکتا، پتنگ بازی کے نتیجے میں مالی نقصان شاید ہی کہیں ہوتا ہے اس میں اکثر و بیشتر جانی نقصان ہی ہوتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں