IoBMکے سلور جوبلی کانوکیشن 2022 کا انعقاد۔ 1374 گریجویٹس نے اسناد وصول کیں

کراچی، 10 دسمبر، 2022۔ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کراچی کا 25 واں سلور جوبلی کانوکیشن کورنگی کریک کیمپس میں بروز ہفتہ 10 دسمبر کو منعقد کیا گیا۔ کانوکیشن کی تقریب میں رواں سال متعدد شعبوں کے فارغ التحصیل 1374 گریجویٹس کو تعلیمی اسناد تفویض کی گئیں۔IoBM کا قیام ستائیس سال پہلے عمل میں لایا گیا۔ آ ج اس کا شمار پاکستان کے نامور بزنس اسکولز میں ہوتا ہے۔

اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی جناب گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے جن کے ہمراہ قابل ذکر مہمانوں میں حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او،جناب محمد اورنگزیب اور چیراٹ پیکیجنگ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور سی او او، جناب عابد وزیر نے شرکت کی۔

افتتاحی خطاب میں آئی او بی ایم کے صدر،جناب طالب سید کریم نے فارغ التحصیل گریجویٹس کو انکی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور مستقبل میں انکی ترقی سے متعلق پُر امید خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے آئی او بی ایم کے بانی صدر شاہجہاں سید کریم کا حوالہ دیا جنہوں نے ایسے بزنس اسکول کے قیام کا خواب دیکھا جہاں معیاری تعلیم فراہم ہو۔ طالب سید کریم نے بورڈ آف گورنرز کے ممبران کے مسلسل تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ سبینہ محسن کی گزشتہ 27 سالوں کے دوران بہترین کاوشوں اور انتھک محنت کا بھی اعتراف کیا جس کی بدولت انسٹی ٹیوٹ میں ہر سال کامیابی سے کانوکیشن کا انعقاد ہوتا ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے گریجویٹس کو نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ اپنے والدین کا احترام کریں۔

مہمان خصوصی گورنر سندھ، جناب کامران ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان وہ بنیاد ہیں جس پر یہ عظیم قوم قائم ہے۔ آئی او بی ایم کی شکل میں مرحوم شاہجہاں سید کریم نے اس ملک کو ایک عظیم تعلیمی ادارہ فراہم کیا ہے جو پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ آج، آپ اس شاندار یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہورہے ہیں۔ کارپوریٹ دنیا میں قدم رکھتے ہی یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ پاکستان کی مثبت شناخت کو فروغ دیں۔ قوم کو آج اچھے انسانوں کی ضرورت ہے جو تعلیم یافتہ اور دانشور ہوں۔ مستقبل کے رہنماؤں کے طور پر یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ رنگ و نسل کی بنیاد پر تقسیم نہ ہوں بلکہ قائد اعظم کی سوچ کے علمبردار بنیں۔

اس موقع پر آئی او بی ایم کے چانسلر، جناب بشیر جان محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”میں اپنے سامنے مستقبل کی نسل دیکھ رہا ہوں۔ بانی قوم ہماری رہنمائی فرما گئے ہیں کہ قوم کی تعمیر کی ذمہ داری آپ نوجوانوں کے کاندھوں پر ہے۔ اب آپ کے پاس اپنے بلند خوابوں کی تعبیر، اپنے کیرئیر میں شاندار کامیابیوں کے حصول اور ایک ذمہ دار انسان بننے کا وقت ہے۔

ایچ بی ایل کے صدر اور سی ای او، جناب محمد اورنگزیب نے کہا، “مستقبل میں مثبت تبدیلی لانے والے پرعزم گریجویٹس اپنی زندگی کے ہر موڑ پر اپنے آپ سے پوچھیں کہ کیا آپ لوگوں کی مدد کررہے ہیں اور لوگوں کی زندگیاں آسان بنانے میں آپ کا کیا کردار ہے۔ بلاشبہ، اپنے منتخب شعبوں میں کامیابی اور شاندار کیرئیر کا حصول نہایت اہم ہے لیکن زندگی کی سب سے بڑی کامیابی اچھا انسان بننا ہے۔ “انہوں نے فارغ التحصیل طالب علموں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عجز و انکساری اختیار کریں، تحمل کا مظاہرہ کریں، اور پُر اعتماد رہ کر کامیابی کے لئے کوشاں رہیں۔

تقریب میں قابل ذکر مہمان اور چیراٹ پیکیجنگ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور سی او او، جناب عابد وزیر نے ان گریجویٹس کو سراہتے ہوئے کہا، ”آپ سب ایک ایسے ادارے سے فارغ التحصیل ہورہے ہیں جس نے ہمیشہ مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز کی تیاری کی ہے۔ آپ لوگ اپنی زندگی کے نئے اور دلچسپ دور میں داخل ہورہے ہیں جو رابطوں کے انقلاب اور سوشل میڈیا کی بدولت بھرپور مواقع اور چیلنجز سے مزین ہے۔ یہ مشکل وقت ہے، لیکن میں آپ کو بتانا چاہوں گا کہ کارپوریٹ دنیا میں فعال اور پرجوش افراد کے لئے کام کے دروازے کھلے ہیں، اپنا راستہ بنانے اور بڑے کام کرنے کا ارادہ کریں۔ اپنی قائدانہ مہارتوں میں نکھار لائیں اور فعال انداز سے اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں۔”

رواں سال بزنس ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے فارغ التحصیل طالب علموں نے اپنی اسناد وصول کیں جبکہ بہترین اور غیرمعمولی کارکردگی پر 18 گولڈ میڈلز بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر 38 طالب علموں کو میرٹ سرٹیفکیشنز بھی پیش کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں