عمران خان باکردار انسان ہیں، پیپلزپارٹی پنجاب میں دفن ہو چکی: شاہ محمود

کندھ کوٹ: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان با کردار انسان ہیں جب کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے شیطانی ذہنیت رکھتے ہیں۔

ںجی ٹی وی کے مطابق انہوں ںے سندھ حقوق مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ کے ایک وزیر نے عمران خان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطانی ذہنیت آپ کی ہو سکتی ہے لیکن عمران خان کی نہیں کیونکہ جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ باکردار انسان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جائیدادیں نہیں کینسر اسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے تاہم ان کا کہنا تھا کہ لوگ جھکتے بھی ہیں او بکتے بھی ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دس سال قبل میں نے تھرپارکر سے الیکشن لڑا اور جیتا لیکن دھاندلی سے مجھے ہرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 دن تک الیکشن کمیشن سے نتیجہ مانگتا رہا لیکن ہار کا نتیجہ نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری سندھ کی اسمبلی کو میرے حلقہ میں اتارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تھر کے مستحقین کو صحت کارڈ فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے 2 صوبوں کو ملانے والی سڑک ہے جس کو بنانے کے لیے مراد سعید کو کہتے ہیں کہ اس سڑک کو بنایا جائے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساڑھے تین سال کا حساب ہم دیتے ہیں تم 15 سال کا حساب دو۔ انہوں نے براہ راست نام لے کر کہا کہ زرداری تم اپنا حساب دو کہ سندھ کے ساتھ 15 سال میں تم نے کیا کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہر بچے کو تعلیم و صحت کی سہولتیں دینے کا عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختو نخوا کے عوام نے سب کو آ زما کر پی ٹی آئی کو موقع دیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی دفن ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب خیبر پختونخوا کے عوام شعور کا مظاہرہ کر سکتی ہے تو سندھ کے عوام شعور کا مظاہرہ کیوں نہیں کر سکتے؟

وزیرخارجہ نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں اب فیصلہ کر لو کہ پیپلز پارٹی سے آزادی لینی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ روزگار کس سے لیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ جو نوکریاں بیچتے ہیں وہ روزگار کیسے دیں گے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں