وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو موصول ہونے والا دھمکی آمیز مراسلہ دکھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خفیہ مراسلہ سابق سفیر اسد مجید نے امریکی اسٹیٹ سیکرٹری سے ملاقات کے بعد دفترخارجہ کو بھیجا۔ حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ان کیمرا اجلاس میں بھی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی مراسلے پر بریفنگ دیں گے۔
اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے دھمکی آمیز خط کے مندرجات کابینہ کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کا کا کہنا تھا کہ میرے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے،خط میں کہاگیا کہ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان ہوگا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں الیکٹرونک پاسپورٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ایک غیر ملکی سازش ہے، یہ ان لوگوں کی سازش ہے کہ جو نہیں چاہتے کہ پاکستان کی خود مختار پالیسی ہو.