اب گوگل پلے سے جاپانی کلا مشین سے اصل انعام جیتیں

آپ نے بڑےشاپنگ مراکز میں سکے سے چلنے والی ایسی مشینیں دیکھی ہوں گی جن میں لگے شکنجے سے انعامات گرفت میں لئے جاتے ہیں۔ اب گوگل پلے کی بدولت گھر بیٹھے اصل کلا مشینیں چلاکر اصلی انعامات حاصل کئے جاسکیں گے۔

ان میں نرم کھلونے اور پلاسٹک کی مصنوعات شامل ہوتی ہیں۔ تاہم گوگل سب سےپہلے جاپانی شائقین کو اس کی سہولت فراہم کرے گا کیونکہ جاپانی عوام کلا (پنجہ) مشین والے کھیل کے بہت شوقین ہیں۔

اگرچہ امریکہ میں بھی اس کی آزمائش جاری ہے لیکن اب مکمل منصوبے کے تحت اسے جاپان میں متعارف کرایا جائے گا۔ اس میں ایک ایپ اتار کر اور کچھ رقم کے بدلے کسی بھی پلے اسٹور یا کلا مشین کا انتخاب کیا جاسکے گا۔ آپ ایپ پر رقم ادا کرکے گھر بیٹھے فون سے کرین اٹھا کر اصل مشین سے انعام یا تحفہ اپنے نام کرسکتےہیں۔ جیتنے کی صورت میں یہ کھلونا آٌپ کے گھر یا دفتر میں بھیج دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اگر مشین آپ کے شہر میں لگی ہے تو وہاں سے بھی انعام وصول کیا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں جاپان میں آن لائن کرین گیم انڈسٹریل ایسوسی ایشن (جے او سی اے) نے گوگل سے اشتراک کیا ہے اور اس کی آزمائش اسی سال شروع ہوگی۔

منصوبے کے تحت کئی سو اصل مشینوں کو ایپ سے جوڑا جائے گا۔ جولائی 2022 سے اس کا آغاز ہوگا اور ایپ سے اصل مشینوں پر انعام جیتے جاسکیں گے۔ یہ آزمائش جولائی 2023 تک جاری رہے گی۔ اس دوران عوام الناس سے اس کی تفصیلات اور خامیاں معلوم کی جائیں گی۔ اس کی روشنی میں سروس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے اگلے مرحلے میں گیم کھیلنے والے کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی بھی اپنے نام کرسکیں گے ۔ یہی اس کا سب سے دلچسپ اور لالچ بھرا پہلو بھی ہے۔ تاہم اب بھی گوگل اور جاپانی کمپنیوں کے درمیان قواعد وضوابط طے کرنے باقی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں