فیفا ورلڈکپ سیمی فائنل: آج کروشیا کو ارجنٹینا کا چیلینج درپیش

فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج ارجنٹائن اور کروشیا آمنے سامنے آئیں گے۔

میچ کا آغاز آج رات 12 بجے قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ہوگا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اسٹیڈیم میں 88 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش موجود ہے اور توقع ہے کہ میچ کے دوران یہ مکمل بھرا ہوا ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے دو بڑے کھلاڑی لائنل میسی اور لوکا ماڈرچ ممکنہ طور پر آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جن کا خواب بطور کپتان ٹرافی اٹھانا ہے۔

اسٹار فٹبالر لائنل میسی ارجنٹائن کیلئے ورلڈ کپ مقابلوں میں دس جبکہ قطر میں جاری ایونٹ میں اب تک میں چار گولز داغ چکے ہیں، میسی نے سعودی عرب، میکسیکو، آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کیخلاف میچز میں گولز اسکورکئے۔

لُوکا ماڈرچ قطر ورلڈ کپ میں کروشیا کیلئے اب تک کوئی آن فیلڈ گول نہ کرسکے جن پرسیمی فائنل میں بڑی ذمہ داری ہوگی، لوکا ماڈرچ نے کوارٹر فائنل میں برازیل کیخلاف پینلٹی شوٹ آؤٹ پرگول کیا تھا۔

ارجنٹائن کے میسی ریکارڈ سات مرتبہ بیلن ڈی آر ایوارڈ جیت چکے ہیں لُوکا ماڈرچ نے صرف ایک بار دوہزاراٹھارہ میں یہ اعزازاپنے نام کیا۔

2018ء کے فائنل میں کروشیا اور 2014ء کے فائنل میں ارجنٹائن کو شکست ہوئی تھی، فٹ بال کے عروج پر پہنچنے والے دونوں کھلاڑی ممکنہ طور پر اپنا آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جن کے پاس ٹرافی اٹھانے کا آخری موقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں