انگلش پریمئیر لیگ کا روسی کمپنی کے ساتھ نشریاتی حقوق کا معاہدہ منسوخ

انگلش پریمئیر لیگ نے یوکرین پر روسی حملے کے بعد لیگ میچز روس میں براڈ کاسٹ کرنے کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔

انگلش پریمئیر لیگ کے ترجمان کے مطابق فیصلہ فیصلے اطلاق فی الفور ہو گا، جس کے نتیجے میں جمعرات کو ہونے والے چار لیگ میچز روس میں نہیں دکھائے جائیں گے۔

نشریات کی منسوخی کا فیصلہ انگلش پریمئیر لیگ کی انتظامیہ اور لیگ کی 20 ٹیموں کے ممبران پر مشتمل ایک میٹنگ میں کیا گیا، جو چار گھنٹے تک جاری رہی تھی۔

میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل دیگر نکات کے علاوہ نشریاتی پابندی کا نکتہ بھی اہم تھا، جس پر فیصلہ صرف 15 منٹ میں ہو گیا۔

میٹنگ میں انگلش پریمئیر لیگ کے ٹاپ فٹ بال کلبز نے یوکرین کی جنگ زدہ عوام کے لئے 1 ملین پونڈ عطیہ کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ روس میں لیگ میچز کے نشریاتی حقوق ریمبلر گروپ کے پاس ہیں، اور ریمبلر گروپ کے ساتھ لیگ کے تین سالہ معاہدے کا یہ آخری سال بھی ہے۔

دوسری جانب فٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی روس کے ساتھ اپنے تمام معاہدے منسوخ کر دیئے ہیں۔

نشریاتی حقوق کی منسوخی کے بعد ایف اے کپ کے رواں ماہ ہونے والے کوارٹر فائنل میچز روس کے شائقین فٹ بال براہ راست دیکھنے سے محروم رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں