دوبئی جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

دوبئی جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کارروائی ایئرپورٹس سیکورٹی فورس کی جانب سے پشاور ایئر پورٹ پر کی گئی ، جس کے نتیجے میں اے ایس ایف کے عملے نے دوبئی جانے والے مسافر سے 13.075 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی ہے۔

ترجمان اے ایس ایف نے کہا کہ مسافر محمد حامد خیرالبشر نے ہیروئن دو بیگوں کے اندر مہارت سے چھپا رکھی تھی، تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔

ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل بھی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور اے این ایف کراچی نے شہر قائد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی۔

کارروائی الآصف اسکوئر کے قریب کی گئی تھی جہاں تین ملزمان کے قبضے سے 3.030 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی تھی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزمان کو منشیات کی خرید و فروخت کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں چاغی کے رہائشی راشد اور فضل الرحمن جبکہ سانگھڑ کا رہائشی محمد رفیق شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں