ہم چاہتے ہیں افغانستان میں حالات مستحکم رہیں:فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین ابھی پاکستان میں داخل نہیں ہوئے۔افغانستان میں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ لوگ چھوڑ کر جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں افغانستان میں حالات مستحکم رہیں، افغانستان میں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ لوگ چھوڑ کر جائیں۔ اشرف نے تجویز نہیں مانی اور حالات سب کے سامنے ہیں۔فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ افغان مہاجرین ابھی تک پاکستان میں داخل نہیں ہوئے۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی تجویز کو پہلے بھی نہیں سنا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اشرف غنی کو الیکشن نا کروانے کی تجویز دی تھی۔واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کے قیام کااعلان آج بعد نماز جمعہ متوقع ہے۔نئے نظام میں ہیبت اللہ سربراہ ہوں گے جن کے ماتحت صدر یا وزیراعظم ہوگا جو ملک چلائے گا۔
فرانسیسی میڈیا نے طالبان ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان نے نئی حکومت کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی اور ممکن ہے کہ بعد نماز جمعہ ایک تقریب میں حکومت کا اعلان کیا جائے۔

گذشتہ روز افغان نشریاتی ادارے نے طالبان رہنما کے حوالے سے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ نئی حکومت کے قیام سے متعلق طالبان کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور جلد اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں