کروناوائرس:پاکستان میں2کروڑ افرادکو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں،ڈاکٹرفیصل

معاون خصوصی برائےصحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک 5 کروڑسے زائد افراد کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن ہوچکی ہے اور 2 کروڑ افراد کو دونوں خوراک لگ چکی ہے۔

اسلام آباد میں پیر کو ماسک پہنے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ مہم کے پہلے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کے دوران اب تک5 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 2 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کرونا کی وباء ختم نہیں ہوئی اورابھی باقی ہے۔ اس وقت وہ موقع نہیں آیا ہے کہ جب شہریوں کو کہا جائے کہ ماسک نہ پہنیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم احتیاط کریں گے تو ہی کرونا کی چوتھی لہر پر قابو پا سکیں گے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن بیماری کے مضر اثرات کو تو روکتی ہے لیکن ماسک کا استعمال کرکے وباء کی کمر توڑ سکتے ہیں۔

اصلاحات سے متعلق انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں میں اصلاحات لا رہا ہے اور ایم ٹی آئی کا نظام لایا جا رہا ہے۔ پی ایم سی میں ڈاکٹرز کیلئے بہتری لا رہے ہیں اورنرسنگ کونسل میں ترمیم لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نےمزید بتایا کہ ڈریپ دواؤں کے ساتھ آلات کو بھی رجسٹرکرتے ہیں اور اس میں بھی اصلاحات لارہے ہیں۔

تقریب میں عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا بھی موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت وزارت صحت اور ضلعی محکمہ صحت سمیت صوبائی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور ویکسینیشن مہم بہت اچھی چل رہی ہے۔

ڈاکٹرپیلتھا نے بتایا کہ ہرڈ امیونیٹی حاصل ہونے تک ویکسینیشن کا 100 فیصد تحفظ نہیں ہوتا اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت موجود رہتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ریلوے اسٹیشن، بس اسٹاپ اور دیگر مقامات پر بھی ماسک تقسیم کرنے کی مہم چلائیں گے تاکہ وباء پر قابو پانے میں آسانی ہو

اپنا تبصرہ بھیجیں