پی آئی اے کا افغان صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشن کے حوالے سے اہم اقدام

افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کردیا ہے۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق پیر 16 اگست کے روز 3 پروازیں کابل جائیں گی، یہ پروازیں پی آئی اے کے بیڑے کے سب سے بڑے جہاز بوئنگ 777 سے آپریٹ ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 900 کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا کیا جائےگا۔اس کے علاوہ پی آئی اے نے پاکستانی وزارت خارجہ کے توسط سے مزید خصوصی پروازوں کی اجازت بھی مانگ لی ہے۔

 پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق انتظامیہ کئی ملکوں کے سفارت خانوں، بین الاقوامی کمپنیوں اور خبر رساں اداروں کی مدد کیلئے ان سے رابطے میں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کابل میں پی آئی اے کا عملہ فعال ہے اور بہادری و قومی جذبے سے سرشار ہوکر اپنا کام سرانجام دینے کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کررہا ہے۔

اس کے علاوہ پی آئی ترجمان نے تمام پاکستانی شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پروازوں پر آنے کیلئے فوری طور پر پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے کے کابل میں موجود عملے سے رابطہ کریں۔خصوصی آپریشن کے پہلے مرحلے میں کابل سے 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے غیر ملکیوں کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں