پاکستان جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیراہتمام انڈیا کے شہر بھوونیشور میں جاری عالمی جونیئر ہاکی کپ کے پری کواٹر فائنل میچ میں ارجنٹائن نے پاکستان کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 گول سے شکست دے کر کواٹر فائینل میں جگہ بنا لی۔

برق رفتار کھیل میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ارجنٹائن جیسی کہنہ مشق ٹیم کو مشکل میں مبتلا کئے رکھا۔ آٹھ سال بعد جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم نے ارجنٹائن ٹیم کو مقابلے کی ٹکر دی۔

ارجنٹائن ٹیم کی جانب سے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے کھلاڑی بتیستا نے کھیل کے 10ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کیا۔

جواباً پاکستان کی جانب سے کھیل کے 17ویں منٹ میں کپتان رانا عبدالوحید نے پینلٹی کارنر پر اپنے ساتھی کھلاڑی رضوان علی کے خوبصورت پاس پر گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔

ارجنٹائن کی جانب سے کھیل کے 20ویں منٹ میں کھلاڑی لگناسیو نے فیلڈ گول سکور کرکے ایکبار پھر ارجنٹائن کی برتری کو قائم کردیا۔

کھیل کے 28ویں منٹ میں پاکستان کو ارجنٹائن کے خلاف پینلٹی سٹروک ملا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان جونیئر کے ہونہار ڈریگ فلکر رضوان علی گول کرکے ایک بار پھر پاکستان کو ایک گول کے خسارے سے نکالا اور میچ کا سکور 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

دوسرے کواٹر کے اختتامی لمحات میں ارجنٹائن کے کھلاڑی فرانسسکو نے فیلڈ گول کے ذریعہ تیسرا گول سکور کیا اور کھیل میں ارجنٹائن کی برتری قائم کردی۔

ارجنٹائن کے کھلاڑی لگناسیو نے ایک بار پھر فیلڈ گول سکور کرکے اس برتری کو مستحکم بنا دیا۔

کھیل کے 53ویں منٹ میں کھلاڑی عقیل احمد نے پینلٹی کارنر پر ساتھی کھلاڑی رومان کے خوبصورت پاس پر گول سکور کرکے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول کیا، میچ کے اختتام تک سکور 4-3 گول رہا اور میچ کی جیت کے ساتھ ہی ارجنٹائن ٹیم کواٹرفائینل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پول ڈی میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ رینکنگ کے لئے آئیندہ میچ میں پاکستان ایونٹ رینکنگ کے لئے امریکہ کے مدمقابل ہوگا۔

پاکستان اورامریکہ کا میچ30 نومبر بمطابق پاکستان ٹائم 1:00 -بجے دن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں