مانچسٹر سٹی نے آرسنل کو ہرادیا، پہلی پوزیشن مزید مستحکم

انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے دلچسپ مقابلے کے بعد آرسنل کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔

پریمئر لیگ میں آرسنل اور مانچسٹر سٹی کا میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔ میچ میں آرسنل نے بہترین آغاز کیا، 31ویں منٹ میں ساکا نے آرسنل کو برتری بھی دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی نے اچھی موو بنائی، جس کے نتیجے میں اسے پنالٹی کک مل گئی، مہاریز نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ برابر کردیا۔

اگلے ہی منٹ میں ریفری نے ارسنل کے گیبریئل کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا جس کے بعد مانچسٹر سٹی کے حملے بڑھے اور اسٹاپج ٹائم میں روڈری نے گول بنا کر مانچسٹر سٹی کو لیگ میں مسلسل گیارہویں فتح دلا دی۔

ایک اور میچ میں ٹوٹنہم ہوٹسپر نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویٹ فورڈ کو ایک گول سے شکست دی، میچ کا فیصلہ کن گول 96ویں منٹ میں ڈیویسن سانشیز نے اسکور کیا۔

پریمیئر لیگ میں کرسٹل پیلس اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے درمیان بھی دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں ویسٹ ہیم نے دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی اپنے نام کی۔

ٹوٹنہم ہوٹسپر اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔

ادھر ٹیبل پر مانچسٹر سٹی کی نمبر ٹو ٹیم چیلسی پر 11 پوائنٹس کی برتری ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں