فرانس نے پاکستان کو کورونا ریڈ لسٹ سے نکال دیا، سفری پابندیوں میں نرمی

فرانس نے پاکستان کو کورونا ریڈ لسٹ سے نکال دیا اور سفری پابندیوں میں نرمی کردی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ پاکستان میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

فرانس نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال کر اورنج لسٹ میں ڈال دیا ہے جس کے تحت پاکستانیوں کے لیے سفری پابندیوں میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا سے متعلق سفری پابندیوں کی فہرست فرانس کے وزارت خارجہ کی جانب سے تیار کی گئی ہے اور اس حوالے سے ریڈ لسٹ ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں تھا۔

فرانس کے وزارت خارجہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے اور اب گرین پاسپورٹ رکھنے والے تمام شہریوں کو فرانس پہنچنے کے بعد قرنطینہ کرنے کی نوبت پیش نہیں آئے گی بلکہ وہ ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوسکیں گے۔

واضح رہے یورپی ملک فرانس نے دنیا میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد دیگر ممالک سمیت پاکستان کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا تھا۔

فرانس نے کورونا سے متاثر ہونے والے ممالک کے لیے 3 مختلف درجہ بندیوں میں تقسیم کررکھا ہے جس میں سب سے خطرناک ریڈ لسٹ ہے جس کے بعد اورنج اور پھر گرین لسٹ کو نارمل پوزیشن کی علامت کے طور پر رکھا گیا ہے۔

تاہم ان تینوں درجہ بندیوں میں شامل ممالک کے شہریوں کے لیے لازم ہے کہ وہ فرانس میں داخلے سے قبل اپنی کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں مکمل کرلیں البتہ ریڈ لسٹ میں شامل ملک کے شہریوں کے لیے قرنطینہ اور پھر کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں