سینیئر اداکار طلعت اقبال انتقال کرگئے

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینیئر فنکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کر گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق، اداکار طلعت اقبال کے انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے کردی گئی ہے،جن کا بتانا ہے کہ اداکار کا انتقال امریکا میں ہوا۔

اہل خانہ ذرائع کے مطابق، طلعت اقبال امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں زیر علاج تھے، بتایا جارہا تھا کہ طلعت اقبال بے ہوشی کی حالت میں وینٹی لیٹر پرتھے ۔

اس سے قبل طلعت اقبال کی بیٹی صومی حسین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کہ ان کے والد کو کورونا نہیں ہوا بلکہ طلعت اقبال کچھ دوائیاں لے رہے تھے تو اس دوران ان کی سانس کی نالی میں گولی پھنس گئی تھی۔

خیال رہے کہ طلعت اقبال طویل عرصے سے ٹیکساس میں مقیم تھے جبکہ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور فلموں میں بھی کام کیا۔

طلعت اقبال کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ مسجد الرحمٰن میں ہوگی اور تدفین ریسٹ لینڈ قبرستان میں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں