زراعت کی ترقی کے لئے اپنے تجربے اور تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ منظور وسان

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے اپنے تجربے اور تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آج بعد نماز جمعہ اپنی رہائش گاہ پر ملنے کے لئے آنے والے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے منظور حسین وسان کو نئی زمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی۔

صوبائی مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے کہا کہ عوام کی خدمت اور پارٹی لیڈر شپ کے احکامات کی پابندی کے لئے ہر وقت حاضر ہوں اور عوام اور قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے عوام کی امنگوں کی ترجمان پارٹی ہے اور پی پی پی قیادت میں ہی یہ صلاحیت اور اہلیت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانی صورتحال اور مہنگائی اور بیروزگاری کے بحران سے نجات دلاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے زراعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا لہذا سندھ میں زراعت کی ترقی کے لئے جدید مشینری اور نظام کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعئی ملک ہے اور جدید طرزِ زراعت سے ہم قیمتی زرمبادلہ کی بچت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کاشتکار بہت جلد زراعت کے شعبے میں بنیادی تبدیلیاں دیکھیں گے اور ہم اپنے کاشتکار اور کسان کے ساتھ مل کر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعئی انقلاب لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں