حکومت سندھ این سی او سی کا کورونا ویکسینیشن ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے پرعزم

کراچی: وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو اور صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے،اس سلسلے میں سندھ حکومت این سی او سی کے اس ماہ کے آخر تک کے لئے دئیے گئے 40 فیصد کے ٹارگٹ کو نہ صرف پورا کرے گی بلکہ ہم انشاء اللہ 50 فیصد ویکسینیشن کے عمل کو پورا کرلیں گے، اس وقت ہسپتالوں میں کوروناسے متاثرہ افراد میں سے 90 فیصد مریض وہ ہیں جنہوں نے اب تک ویکسینیشن نہیں کروائی، یہ تاثر غلط ہے کہ کراچی کے ہسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے بستر اور وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں، اس وقت بھی ہمارے پاس سروسز ہسپتال، عباسی شہید، سیسی کے زیر انتظام ہسپتالوں سمیت دیگر میں بنائے گئے کووڈ وارڈز میں بستر اور وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر عذرا پیچوہو اور سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے عوام اور بالخصوص نیشنل سٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں کے عوام کی سہولت کے لئے حبیب بینک اور پی سی بی کی انتظامیہ نے ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹرز قائم کیا ہے وہ خوش آئند ہے،امید ہے کہ اس سینٹر سے روزانہ 2500 افراد کو ویکسینیشن کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے وہ اس کو پورا کریں گے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ میں کرونا کے جو کیسز رپورٹ ہورہے ہیں ان میں سے 90 فیصد وہ کیسز ہیں جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی،میری عوام سے درخواست ہے کہ جن لوگوں نے ابھی تک ویکسینیشن نہیں کروائی تو وہ جلد از جلد کروائیں تاکہ وہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کے 70 سے 80 فیصد لوگ ویکسینیشن نہیں کروا لیتے ہم اس وباءسے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکتے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس ماڈریٹ، فائزر سمیت تمام ویکسین موجود ہیں،جن طلبہ و طالبات کو ویزے کے لئے ویکسینیشن لازمی ہے ،اس حوالے سے بھی ہدایات تمام متعلقہ سینٹرز کو جاری کردی گئی ہیں اور یہ عمل بھی جاری ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ہسپتالوں میں کووڈ وارڈز میں بستر یا وینٹی لیٹرز موجود نہیں ، کراچی میں چند ہسپتالوں میں مریضوں کا رش ہے تاہم اس وقت بھی تمام ہسپتالوں  میں بستر اور وینٹی لیٹرز موجود ہیں اور وہاں بہت ہی کم تعداد میں اس وقت کووڈ کے مریض موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تک سندھ بھر میں 9 ملین لوگوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے اور ہمیں جو ٹارگٹ اس ماہ کے آخر تک 40 فیصد ویکسینیشن مکمل کرنے کا این سی او سی نے دیا ہے اس میں سے 38 فیصد مکمل کرلیا ہے اور انشا ءاللہ اس ماہ کے آخر تک ہم 50 فیصد تک لوگوں کو ویکسینیٹیڈ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں