ایمیریٹس کا دبئی اور تل ابیب کے درمیان روزانہ فلائٹس کا اعلان

اماراتی ایئر لائن ایمیریٹس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 6 دسمبر سے دبئی اور تل ابیب کے درمیان روزانہ پروازیں چلانے کا آغاز کر رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی سے تعلق رکھنے والی اور دنیا کی بڑی ایئرلائنز میں سے ایک نے کہا کہ نئی سروس، اسرائیل کو عالمی روٹ نیٹ ورک سے کسی رکاوٹ کے بغیر منسلک کردے گی۔

دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال معاہدے کے بعد سفر کی سستی سہولت فراہم کرنے والی فلائی دبئی نے معاہدے کے چند ماہ بعد ہی تل ابیب اور دبئی کے درمیان پہلی کمرشل پرواز کا آغاز کردیا تھا۔

ابوظبی کی ایئرلائن اتحاد اور اسرائیلی ایئرلائن آرکیا بھی اب معمول کی پروازوں کی پیش کش کر رہی ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے کروائے جانے والے معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر آئے تھے، اس معاہدے نے کئی دہائیوں سے جاری عرب اتفاق رائے کو ختم کیا اور فلسطینیوں اور ان کے حمایتیوں کو مشتعل کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں