ایشیائی نوبیل پرائز’ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ‘ پاکستان کے ڈاکٹر امجد ثاقب کے نام

ایشیائی نوبیل پرائزریمون میگ سائے سائے ایوارڈ برائے سنہ 2021ء بلا سود قرض فراہم کرنے والے ادارے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کے نام کردیا گیا۔

’ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ ‘سماجی خدمات کے حوالے سے براعظم ایشیاء کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔اسے ایشیاء کا نوبیل پرائز بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اعزاز معاشرے کی ترقی کے لیے غیر معمولی کردار ادا کرنے والی شخصیات کو پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1958میں فلپائن میں ہوا اور اپنی قدر ومنزلت کے اعتبار سے اسے نوبیل پرائز کا ہم پلہ تصور کیا جاتا ہے۔

میگ سائے سائے فاؤنڈیشن فلپائن ہر سال ایشیاء کے 40 ممالک سے چار عظیم شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازتی ہے۔ ماضی میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی چند نمایاں شخصیات میں مدر ٹریسا‘ دلائی لامہ اور نوبیل انعام حاصل کرنے والے ڈاکٹر محمد یونس شامل ہیں۔

رواں سال یہ اعزاز پاکستان کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر امجد ثاقب کو پیش کیا گیا ہے۔ میگ سائے سائے فاؤنڈیشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ہم غربت کے خاتمے ‘ انسانی وقار کی بحالی اور بلاسود قرضوں کے ماڈل کی بنیاد رکھنے پر ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو اس ایوارڈ کی صورت میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ان کی بے پایاں خدمات اور بے لوث قیادت ان کے بلند جذبوں اور غیر معمولی سوچ کی عکاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں