کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ،4 اہلکار شہید

کوئٹہ : مستونگ قومی شاہراہ پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے خود کش حملے میں 4 اہلکار شہیدجبکہ 20 افراد زخمی ہیں ۔حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق صبح کوئٹہ مستونگ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 20 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ پولیس اظہر اکرم نے بتایا کہ زخمیوں میں 18 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جبکہ 2 راہگیر شامل ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کیے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں