ڈرائیونگ لائسنس برانچز کی ٹائمنگ بڑھانے کا فیصلہ

کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے سے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر ڈپٹی انسپکٹر جنرل ڈرائیونگ لائسنسگ سندھ منیر احمد شیخ نے ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں دو شفٹیں بنانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ جس کے بعد اب برانچ میں کام صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔

ڈی آئی جی منیر شیخ کے مطابق کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں مشکل پیش آ رہی تھی، جس کی بنا پر سندھ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں دو شفٹیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پہلی شفٹ صبح 9 سے دن 2 بجے تک ہوگی جبکہ دوسری شفٹ دن 3 بجے کام شروع کرے گی اور ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا عمل رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔

ڈی آئی جی منیر احمد شیخ کے مطابق لائسنس بنوانے کے خواہشمند خواتین و حضرات ایک دن پہلے گوگل یا موبائل فون ایپ کے ذریعے وقت کی بکنگ کروا لیں۔

شہری سندھ بھر میں اپنی منتخب کردہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ مںں نئے لائسنس بنوانے یا پہلے سے بنے ہوئے لائسنس کی تجدید کیلئے اپنی منتخب شدہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ جاکر لائسنس بنوائیں۔

منیر شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ لائسنس برانچ میں دو شفٹیں شروع کرنے کے عمل سے شہریوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا خاص طور پر نوکری پیشہ یا فیکٹریوں میں کام کرنے والے شہری بھی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس برانچ پہنچ کر اپنے لائسنس آسانی سے بنوا سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں