پی آئی بی کالونی میں ہوٹل پر فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

شہر قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی میں فائرنگ کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

فائرنگ پی آئی بی کالونی میں واقع ہوٹل پر کی گئی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار وحید سمیت ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا کے مطابق جاں بحق ہونے والا پولیس اہلکار وحید سی ٹی ڈی میں تعینات تھا۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے دونوں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت امجد کے نام کی گئی ہے جو خود بھی پولیس اہلکار ہے۔

اس ضمن میں ایس ایس پی ایسٹ نے کہا ہے کہ ملزم امجد ایس ایس یو میں متعین تھا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرکے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں