پولیس کا چنگی چی رکشہ میں خاتون سے بدتمیزی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

لاہور: پولیس نے چنگ چی رکشہ میں سوار لڑکی سے نازیبا حرکات کرنیوالے ملزم کو پکڑلیا ، ملزم طارق خان موٹرسائیکل پر رکشےمیں سوار خواتین کو تنگ کرتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن راوی پولیس نے رکشہ میں سوار خواتین کو تنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طارق خان موٹر سائیکل پر رکشے میں سوار خواتین کو تنگ کرتا تھا۔

ملزم طارق کی یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سفر کرنے والی خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

اس سے قبل متعلقہ حکام نے رکشہ میں سوار لڑکی سے نازیبا حرکات کرنیوالے ملزم کا خاکہ جاری کیا تھا اور ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تیار کردہ خاکہ شہر کے تھانوں میں بھیج دیا گیا تھا۔

یاد رہے 24 اگست کو پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک کے قریب چنگچی رکشے پر سوار خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث ایک مشتبہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کی شناخت عبدالرحمان اور عرفان حسین کے نام سے ہوئی تھی اور وہ منڈی فیض آباد ننکانہ کے رہائشی تھے، پولیس نے دونوں ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے کر انہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں