صوبائی دارالحکومت پشاور میں بی آر ٹی سروس جیب کتروں کا گڑھ بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈبگری سے یونیوسٹی ٹاون جاتے ہوئے خاتون کے پرس سے 95 ہزار کی رقم اور موبائل فون چوری ہونے کی افسوسناک واردات پیش آئی ہے۔
متاثرہ خاتون کا دعوی ہے کہ معاملے پر بی آر ٹی انتظامیہ نے ان کو بس کی سی سی ٹی وی فوٹیج دینے سے انکار کردیا۔
دوسری جانب شہریوں کی جانب سے بھی یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعات بڑھتے جارہے ہیں صوبائی حکومت معاملے کا نوٹس لیں۔
بی آر ٹی منصوبے کے تحت پشاور میں عوام کے لیے لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے میٹرو بس منصوبوں کی طرز پر آرام دہ سفری سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت پشاور شہر کے بیچوں بیچ 27 کلومیٹر طویل خصوصی ٹریک تعمیر کیا گیا ہے جو پشاور شہر کے اہم علاقے کارخانو بازار سے شروع ہو کر چمکنی کے علاقے تک جاتا ہے۔
پشاور بی آر ٹی منصوبے کو چلانے اور دیکھ بھال کے لیے صوبائی حکومت نے ٹرانس پشاور نامی ریپڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا قیام کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت شہر میں سات روٹس پر بسیں چلائی جارہی ہیں۔