ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات کل ہوں گے، کراچی میں 343 امیدوار میدان میں

ملک کے چاروں صوبوں کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے۔ اتورکو ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کی انتخابی مہم کی گہما گہمی رات بارہ بجے ختم ہوگئی، سندھ میں پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی، پنجاب میں PTIاور PML-N میں اصل مقابلہ ہوگا۔

سندھ اور کراچی کے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں اکثر حلقوں میں پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان ہی اصل مقابلے ہوں گے ۔

پنجاب میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے کنٹونمنٹ بورڈز پر اپنی بالادستی قائم کرنے اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے زبردست انتخابی مہم چلائی جو گزشتہ شب اختتام پذیر ہو گئی۔

سب سے زیادہ پنجاب میں 20کنٹونمنٹ بورڈز کے 119وارڈز ہیں اور زیادہ تر وارڈز میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہی اصل میں انتخابی معرکے ہوں گے۔

کراچی میں 6 کنٹونمنٹ بورڈ کے 42 وارڈز میں پولنگ اتوار کی صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

مجموعی طور پر 343 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 238 کا تعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے جبکہ 105 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ بلدیاتی امیدواروں میں 9 خواتین بھی شامل ہیں۔ کل 287 پولنگ اسٹیشنز اور ایک ہزار115 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

کراچی میں 6 کنٹونمنٹ بورڈ میں حق رائے دہندگان کی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار 695 ہے جن میں 2لاکھ 44ہزار 317 مرد اور 2لاکھ 22ہزار 198 خواتین ووٹرز ہیں۔

پی ٹی آئی کے امیدواروں کی تعداد 41 ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ایک خاتون سمیت 40 امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں کی تعداد 31 ہے۔ پی ایس پی کے 27 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے ایک خاتون سمیت 36 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔

تحریک لبیک کی ایک خاتون سمیت 18امیدوار ہیں، مسلم لیگ فنکشنل نے 13امیدوار کھڑے کیے ہیں، 8بلدیاتی امیدواروں کا تعلق اللہ اکبر تحریک سے ہے۔ اے این پی اور ایم ایم اے کے 1،1 امیدوار الیکشن کا حصہ ہیں۔

سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے 238 امیدواروں میں صرف 4 خواتین شامل ہیں جبکہ 105 آزاد امیدواروں میں 5 خواتین بھی موجود ہیں۔

کلفٹن کنٹونمنٹ کے 10 وارڈز میں امیدواروں کی تعداد 98 ہے اور ووٹرز کے اعتبار سے کلفٹن کنٹونمنٹ سب سے بڑا حلقہ ہے۔

فیصل کنٹونمنٹ کے 10 وارڈز میں 88 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ملیر کنٹونمنٹ کے 10 وارڈز میں امیدواروں کی تعداد 62 ہے، 40 امیدواروں کا تعلق کراچی کنٹونمنٹ بورڈ سے ہے، کورنگی کریک کنٹونمنٹ میں 49 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں اور منوڑہ کنٹونمنٹ کے 2 وارڈز پر صرف 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز بھی موجود ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں