مسلم لیگ نون میں‌کیا ہونے جا رہا ہے ، شیخ رشید کی پیش گوئی

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے مسلم لیگ ن کے مستقبل کے حوالے سے نئی پیش گوئی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پیش گوئی کر تے ہوئے کہا ہےکہ مسلم لیگ ن میں دو کے بجائے تین گروپ بنیں گے، شہباز شریف اپنے لیے دم درود کرائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ انتشار اورجوڈوکراٹے سے برباد ہوگی، شہبازشریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی ہے، دم درود کرائیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ 2 سال بعد نیا سیاسی ماحول ہوگا،آج جیسے حالات نہیں ہوں گے، وہ شہباز شریف کو ضمانت دیتے ہیں کہ 2023 میں شفاف انتخابات ہوں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہاکہ ہم نیوزی لینڈ انٹرپول کی تعریف کرتے ہیں، نیوزی لینڈ سیریز کو ثبوتاژ کرنیوالوں کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں، اس نیٹ ورک کو سامنے لائیں گے،دستانے پہنے خفیہ ہاتھوں کو جلد دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ سائبر کرائم کی دو لاکھ شکایات موصول ہوئی ہیں ، پاسپورٹ کو ڈیجیٹلائز کرنے جارہے ہیں ، پاسپورٹ پر سیکیورٹی فیچرز میں پندرہ نئے فیچرز لے کر آرہے ہیں ، شناختی کارڈ کے سسٹم کو بھی اپ گریڈ کررہے ہیں

شیخ رشید نے کہاکہ پندرہ ممالک کو آن آرائیول ویزہ دینے کیلئے سمری کل کابینہ میں پیش کریں گے، اب یہ 65 ممالک کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ طورخم اور چمن میں آئی بی ایم ایس لگا دیا ہے تاکہ آنے جانے والوں کا پراپر ڈیٹا ہو،خوشی کی بات یہ ہے کہ افغانستان جانے والوں کی تعداد پاکستان آنیوالوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اورحکومت قریب آرہےہیں ، ملک میں جوڈوکراٹےکا ماحول کم ہورہاہے، 2 سال بعد نیا سیاسی ماحول دیکھ رہا ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم الیکٹرانک ووٹنگ مشین سےالیکشن چاہتے ہیں، حکومت اورالیکشن کمیشن بہت قریب آچکےہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں