مریم نواز شریف کی گرفتاری کیلئے درخواست دائر

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر ونگ میں مریم نواز کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔

جمع کرائی گئی درخواست میں عالیہ حمزہ نے مریم نواز کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے.

عالیہ حمزہ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خاتون اول نہ سیاست دان ہیں اور نہ ہی سیاسی بیان دیتی ہیں، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے ان کے خلاف ٹرینڈ چلانا سنگین جرم ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’صابر محمود ہاشمی نامی شخص کو خاتون اول کے خلاف ٹرینڈ چلانے پر گرفتار کیا گیا ہے، مریم صفدر اس کی حمایت میں ٹویٹ کر کے اور ضمانت کی منظوری دے کے یہ اقبال جرم کر رہی ہیں کہ خاتون اول کے خلاف یہ سب ان کے ایما پر کیا گیا۔

درخواست کے آخر میں امید ظاہر کی گئی ہے اپنے اختیارات کے اندر رہتے ہوئے جلد از جلد مریم صفدر کو گرفتار کر لیا جائے گا.

دوسری جانب مریم نواز نے درخواست سے متعلق خبریں منظر عام پر آنے کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ٹویٹ میں وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا آپ کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں، جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور ان کو سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے گا۔

مریم نواز کی جانب سے مزید لکھا گیا آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے، وہی میری آئی سی یو میں بے ہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا، مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا ہونا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے کے الزام میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کے ورکر اور سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی تھی۔

ایف آئی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ صابر ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اسی روز صابر محمود ہاشمی کی گرفتاری کے اعلان سے قبل سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے دعوی کیا تھا کہ انہیں اغوا کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے صابر محمود ہاشمی کے معاملے پر تبصرے میں اسے دن دیہاڑے اغوا قرار دیا تھا۔

گزشتہ روز بدھ 16 فروری کو مریم نواز شریف کی جانب سے صابر محمود کی رہائی کیلئے وکیل مقرر کرنے کا اعلان بھی سامنے آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں