قائد اعظم کے پورٹریٹ کے سامنے غیر اخلاقی تصویر بنانے والانوجوان گرفتار

اسلام آباد:پولیس نے اسلام آباد میں قائد اعظم کے پورٹریٹ کے سامنے غیر اخلاقی تصاویر بنانے کے کیس میں نامزدنوجوان کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کا نام ذوالفقار ہے اور لاہور کا رہائشی ہے، ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم نے ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا ۔

واضح رہے کہ رواں ماہ تھانہ کورال کی حدود ایکسپریس ہائی وے پر واقع کورال چوک میں قائداعظم کے مجسمے کے سامنے قابل اعتراض فوٹو شوٹ کرایا گیا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنماء راشد ملک نے نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پاکستان کے مجسمے کے سامنے گزشتہ دنوں قابل عتراض حالت میں فوٹو شوٹ سے بانی پاکستان کی عزت پامال کرنے کی کوشش کی گئی ، قابل اعتراض تصاویر اور ڈانس سے شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تصاویر کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے درست ثابت ہونے پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ ناقابل تلافی واقعہ رونما ہوا ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے اور بابائے قوم محمد علی جناح کی تضحیک کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا تھاکہ جلد ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کی جائے گی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں مختلف جگہوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے جبکہ اب نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور فوٹو شوٹ میں موجود لڑکی کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں