عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی تعمیر و ترقی دل و جان سے عزیز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو، رکن قومی اسمبلی محمد عاصم نذیر اورسابق رکن اسمبلی شاہد نذیر کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی سکیموں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ فیصل آباد کی تعمیر و ترقی دل و جان سے عزیز ہے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ڈویژن کیلئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈکااجراء کیا ہے اور ہر خاندان کو 10لاکھ سالانہ مفت علاج کی سہولت دی ہے، مارچ تک قومی صحت کارڈ سے پورا پنجاب مستفید ہوگا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں ہوا میں کی جارہی ہیں،عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کے لئے چھوڑا گیا-
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن نے ساڑھے تین برس کے دوران ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی ہے، اپوزیشن کے ہرغیر جمہوری ہتھکنڈے کامقابلہ کریں گے۔